نئی دہلی، 2جون (یو این آئی) وکٹ کیپر بلے باز ردھمان ساہا انگوٹھے میں چوٹ کی وجہ سے 14 جون سے افغانستان کے خلاف بنگلور میں کھیلے جانے والے واحد ٹسٹ میچ کے لئے ہندوستانی کرکٹ ٹیم سے باہر ہو گئے ہیں اور ان کی جگہ دنیش کارتک کو شامل کیا گیا ہے جو آٹھ سال بعد ٹسٹ فارمیٹ میں واپسی کر رہے ہیں۔ہندوستان کو بنگلور میں افغانستان کے ساتھ 14 جون سے واحد ٹسٹ میچ کھیلنا ہے جو مہمان ٹیم کا تاریخی ڈیبوٹسٹ ہے ۔ساہا کو انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) میں دوسرے کوالیفائنگ کے دوران اپنی ٹیم سن رائزرس حیدرآباد کی جانب سے کولکتہ نائٹ رائیڈرس کے خلاف میچ کے دوران انگوٹھے میں چوٹ لگ گئی تھی۔یہ میچ 25 مئی کو کولکتہ کے ایڈن گارڈن میں کھیلا گیا تھا۔ہندوستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) نے ہفتہ کو جاری بیان میں کہا کہ ساہا کو بورڈ کے طبی عملے کے معائنہ میں رکھا گیا ہے اور انتظامیہ نے انہیں انگلینڈ کے خلاف ٹسٹ سیریز سے قبل مکمل آرام دینے کا فیصلہ کیا ہے ۔ساہا کو تقریبا پانچ سے چھ ہفتے تک آرام کا مشورہ دیا گیا ہے ۔